سہون: سندھ کے شہر سہون میں حضرت لعل شہبازقلندر کے عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا،ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد دھماکے کو پیش نظر رکھ کر سیکورٹی انتہائی سخت کی گئی ہے اور آنے والے ہر زائر کی تلاشی لی جارہی ہے۔
ڈی آئی جی حیدرآباد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد بم دھماکے کے بعد عرس کی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
حضرت لعل شہباز قلندر کے774ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر اوقاف سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے مزار پر چادر چڑھا کر اور دعا کر کے کیا۔
اس موقع پر ڈویژنل کمشنر فیاض حسین عباسی، ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف مختیار علی ابڑو، ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر چھانگا، چیئرمین سیہون میونسپل کمیٹی سید شہزاد حیدر شاہ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ صوفیوں اور اولیاءکی سرزمین ہے جنہوں نے ہمیشہ امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے یہ دھرتی امن اور محبت کا مرکز رہی ہے۔
موجودہ حالات کے پیش نظر دہشت گردی، عدم برداشت، انتہاپسندی اور معاشرے میں پھیلتے منفی رجحانات کے خاتمے کے لیے صوفیوں کے پیغام کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔