کراچی: اسپیشل بچوں کے لیے چڑیا گھر میں داخلہ فیس ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ اسپیشل بچوں سے چڑیا گھر میں داخلے کی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے چڑیا گھر کی انتظامیہ اور متعلقہ افسران کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ فیصلے پر بلا تاخیر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اسپیشل بچے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی دیکھ بھال، سہولت اور شمولیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اسپیشل بچوں کے لیے روزگار کے مواقع، ہنرمندی کے فروغ اور آگاہی سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ انہیں خودمختار اور باوقار زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اسپیشل بچوں کے لیے جدید اور معیاری تعلیم، معاون آلات کی فراہمی اور ان کی ضروریات کے مطابق موزوں نصاب کی تیاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کا مقصد اسپیشل بچوں کو معاشرے کا فعال اور بااعتماد حصہ بنانا ہے۔