اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے اور اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان نے بتایا کہ دورے کے دوران وزیراعظم کی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوگی۔
ترجمان نے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں داعش کی موجودگی سے متعلق شواہد اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ شیئر کر دیے ہیں، حالیہ حملوں کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں موجود ہے اور پاکستان اپنے دفاع کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے، دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں پاکستان مسلسل سفارتی رابطے کر رہا ہے۔
پانی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے نئے ڈیم کی تعمیر کی تفصیلات طلب کی ہیں اور نئی دہلی پر زور دیا ہے کہ وہ یکطرفہ اقدامات سے گریز کرے، بھارت سندھ طاس معاہدے کا پابند ہے اور اسے بین الاقوامی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔
کرکٹ کے معاملے پر ترجمان نے کہا کہ بھارت کھیل کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے جبکہ پاکستان نے اصولی مؤقف اپناتے ہوئے بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ اس لیے کیا تھا تاکہ کھیل کو سیاسی ہتھیار نہ بنایا جائے، پاکستان ہمیشہ کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنے کا حامی رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعاون کا خواہاں ہے اور تمام تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔