جکارتہ:ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے سرکاری دورۂ انڈونیشیا کے دوران صدر پربوو سوبیانتو سے اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ، پیشہ ورانہ روابط اور مشترکہ تربیتی پروگرامز کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ ائیر چیف نے اس موقع پر دونوں ممالک کے تاریخی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی شعبے میں تعاون نہ صرف عسکری استعداد بڑھاتا ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انڈونیشین صدر نے پاک فضائیہ کے جدید تربیتی نظام، آپریشنل مہارت اور ایرو اسپیس ترقیاتی ڈھانچے کو سراہتے ہوئے اس سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، انڈونیشیا اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، خصوصاً فلائنگ ٹریننگ، تکنیکی مہارت اور جدید فضائی حکمت عملی کے میدان میں۔
قبل ازیں ائیر چیف نے انڈونیشیا کے وزیر دفاع، مسلح افواج کے کمانڈر اور انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ان ملاقاتوں میں فضائی افواج کے مابین بنیادی سے جدید سطح تک مشترکہ تربیت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور ابھرتے ہوئے ایرو اسپیس شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے جنگی تجربے اور تربیتی مہارت کو سراہتے ہوئے آپریشنل اور فلائنگ ٹریننگ میں تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ اس موقع پر ائیر چیف مارشل کو دوطرفہ فضائی تعاون کے فروغ میں نمایاں کردار پر انڈونیشین فضائیہ کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز “میڈل آف آنر” بھی عطا کیا گیا۔