لاہور : سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان کی آنکھ کی خرابی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اڈیالہ جیل میں کسی قیدی کی بینائی متاثر ہوتی ہے تو اس کی ذمے داری جیل انتظامیہ اور حکومت پنجاب پر عائد ہوگی۔
لاہور میں انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ سے متعلق خبر سن کر انہیں شدید دکھ ہوا اور وہ اس وقت دعا کے سوا کچھ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے بھی بنیادی حقوق ہوتے ہیں اور ان کا طبی معائنہ اور علاج جیل انتظامیہ کی ذمے داری ہے۔ ان کے مطابق میاں محمود الرشید کو طبی معائنے کے لیے اسپتال جانا تھا لیکن سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے باعث انہیں نہیں لے جایا جا سکا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کا علاج بھی مناسب سیکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے متاثر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا اپنا علاج پی کے ایل آئی میں جاری ہے اور اگر بروقت معائنہ نہ ہوا تو مزید سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے، تاہم پولیس سیکیورٹی نہ ہونے کے باعث انہیں بھی اسپتال منتقل نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے اس تمام صورتحال کا ذمے دار حکومت پنجاب کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اڈیالہ جیل میں کسی قیدی کی بینائی چلی جاتی ہے تو اس کی ذمے داری جیل انتظامیہ اور صوبائی حکومت پر ہوگی۔