ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سری لنکا کا پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا رکاوٹیں ختم کرنے کا فیصلہ

کولمبو: سری لنکا نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزا مشکلات ختم کرنے اور پاکستان کو فوری طور پر تمام منفی ویزا فہرستوں سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران کیا گیا۔

 نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں پاکستانی شہریوں کو ویزا کے حصول میں درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس پر سری لنکن صدر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ پاکستان کو تمام منفی لسٹوں سے فوری طور پر کلیئر کیا جائے اور پاکستانیوں کے لیے ویزا عمل کو سہل بنایا جائے۔ اس اہم ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ تربیت جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سری لنکن صدر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے میزبان صدر نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے جلد دورے کی یقین دہانی کرائی۔

سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے کولمبو میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے فیصلے پر وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور دوستی کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک سری لنکا تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی اور باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔

صدر انورا کمارا کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی وزیراعظم بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی تاکہ دوطرفہ تعلقات، تجارتی روابط اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ اس فیصلے کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں