وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، اٹک اور صوابی سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جنہوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق آج صبح 9 بج کر 28 منٹ پر اسلام آباد، صوابی اور اٹک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 14 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز اٹک کے علاقے برہان سے 11 کلومیڑ شمال مشرق میں تھا۔
زلزلہ پیمامرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے اچانک جھٹکوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ صورتِ حال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور اب تک کسی ایمرجنسی کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری گھبراہٹ میں مبتلا نہ ہوں، افواہوں سے گریز کریں اور آفیشل ذرائع سے فراہم کی جانے والی معلومات پر ہی انحصار کریں، زلزلے کے بعد ہنگامی احتیاطی تدابیر اختیا کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی، جس کی زیرِ زمین گہرائی 73 کلو میٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش خطے میں واقع تھا، جہاں سے اٹھنے والی ارتعاشی لہریں سرحدی علاقوں سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں شدت کے ساتھ محسوس کی گئیں۔