ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، زخمیوں سمیت 8 ملزمان گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران زخمیوں سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

صفورہ چورنگی کے قریب رم جھم ٹاور کے اطراف چار رکنی ڈکیت گینگ سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ترجمان ضلع ایسٹ پولیس کے مطابق دوطرفہ فائرنگ میں ایک زخمی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہو گیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت بشیر احمد، فرحان اور فیض اللہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تین غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز اور دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ملیر پولیس اور حساس ادارے نے تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود میں مسلح ملزمان کے خلاف کارروائی کی۔ ایس ایس پی ملیر عبد الخالق پیرزادہ کے مطابق ایک زخمی ملزم صادق افغانی عرف شوٹر کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شہر میں متعدد سنگین جرائم اور اسٹریٹ کرائم کی سو سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ اس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کر کے اسلحہ فرانزک کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود عبداللہ کالج کے قریب کے ڈی اے گراؤنڈ بلاک U میں پولیس نے موٹر سائیکل سوار دو ملزمان جاوید مگسی اور فیضان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

دوسری جانب اتحاد ٹاؤن پولیس نے ڈسٹرکٹ کیماڑی کے علاقے عابد آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ کے مطابق ملزمان سے دو پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

لیاقت آباد، تین ہٹی برج کے قریب پولیس مقابلے میں عامر قریشی نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ لوڈ میگزین اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تمام واقعات کی مزید تفتیش جاری ہے اور فرار ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں