کراچی: ملک بھر میں فضائی آپریشن میں آج بھی نمایاں تعطل دیکھا گیا ہے، جس کے باعث اندرون اور بیرونِ ملک مجموعی طور پر 83 پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ 430 پروازیں ہی اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہو سکیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت بڑے ایئرپورٹس سے مجموعی طور پر سینکڑوں پروازیں آپریٹ کی گئیں۔ کراچی سے 123، اسلام آباد سے 134 اور لاہور سے 100 پروازیں آپریٹ ہوئیں جبکہ دیگر شہروں سے بھی محدود تعداد میں پروازیں روانہ کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سے 23، پشاور سے 16، سیالکوٹ سے 20، فیصل آباد سے 4 اور کوئٹہ سے 10 پروازیں آپریٹ ہوئیں۔ انتظامی وجوہات اور دیگر آپریشنل مسائل کے باعث متعدد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
رپورٹ کے مطابق کراچی سے 20، لاہور سے 15، اسلام آباد سے 19 اور ملتان سے 11 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسی طرح کوئٹہ، فیصل آباد اور پشاور سے بھی متعدد پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں کوئٹہ اور فیصل آباد سے 5، 5 جبکہ پشاور سے 4 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ سکھر اور گلگت سے بھی 2، 2 پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ نہ ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق بین الاقوامی روٹس پر بھی اثرات دیکھے گئے ہیں، جہاں صرف جدہ کے لیے 20 سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں، جس کی وجہ لوڈ میں کمی اور آپریشنل ایڈجسٹمنٹ بتائی جا رہی ہے۔
مسافروں کو ایئرپورٹس پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی افراد کو طویل انتظار کرنا پڑا جبکہ بعض کو متبادل پروازوں پر منتقل کیا گیا۔ مسافروں نے شکایت کی کہ بار بار پروازوں کی منسوخی سے ان کے سفری منصوبے متاثر ہو رہے ہیں اور انہیں مالی و ذہنی پریشانی کا سامنا ہے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق فلائٹ آپریشن کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور متاثرہ پروازوں کو دوبارہ شیڈول کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔