کراچی: وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 کے اختتام پر پاکستانی حاجیوں کی وطن واپسی کا آغاز 31 مئی سے ہوگا۔
وزارت کے مطابق پہلی حج پرواز 31 مئی کی شب جدہ سے روانہ ہو کر سیالکوٹ ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی، جس کے ذریعے 391 حاجی وطن واپس پہنچیں گے۔
حکام نے بتایا کہ حج آپریشن کے پہلے بڑے مرحلے میں یکم جون کو 22 پروازیں مختلف شہروں کے لیے آپریٹ ہوں گی جن کے ذریعے 5,237 حجاج کرام کی واپسی ہوگی۔
یکم جون کو اسلام آباد کے لیے 5 پروازیں، کراچی اور لاہور کے لیے 4،4 پروازیں، ملتان اور سیالکوٹ کے لیے 3،3 پروازیں، فیصل آباد کے لیے 2 جبکہ کوئٹہ کے لیے ایک پرواز آپریٹ کی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج آپریشن کی آخری پرواز 30 جون کو لاہور پہنچے گی، جبکہ مدینہ منورہ سے واپسی کا سلسلہ 3 جون سے شروع ہوگا۔
سرکاری اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 471 پروازوں کے ذریعے تقریباً 1 لاکھ 19 ہزار حاجیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔