سری نگر/بھگوان شیو کی مقدس گدی ’’چھڑی مبارک‘‘ ہفتہ کے روز روایتی دعاؤں اور رسومات کے بعد سری نگر کے دشنامی اکھاڑہ بھون سے پہلگام کے لیے روانہ ہوگئی، جس کے ساتھ ہی سالانہ شری امرناتھ یاترا کے گھپاتک چھڑیمبارک کے سفر کا آغاز ہوگیا۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق چھڑی مبارک کے متولی مہنت دیپیندر گری نے بتایا کہ مقدس گدی آج روایتی پڑاؤ پر علامتی دعاؤں اور رسومات کی ادائیگی کے بعد پہلگام پہنچے گی۔
طے شدہ پروگرام کے مطابق چھڑی مبارک 24 اگست کو چندن واری اور 25 اگست کو شیش ناگ میں قیام کرے گی، جبکہ 26 اور 27 اگست کو پنچ ترنی میں قیام ہوگا۔28 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر چھڑی مبارک کو مقدس گھپاتک لے جایا جائے گا، جہاں روایتی دعاؤں اور ویدک منتر جاپ کے درمیان اسے نصب کیا جائے گا۔
یہ مذہبی رسومات اس قدیم روایت کی یاد تازہ کرتی ہیں جس کے مطابق بھگوان شیو نے مقدس گھپامیں دیوی پاروتی کو امرت کی داستان سنائی تھی۔مقدس گھپامیں رسومات کی ادائیگی کے بعد چھڑی مبارک واپس پنچ ترنی پہنچے گی اور شیش ناگ اور چندن واری کے راستے 29 اگست کو پہلگام واپس آئے گی۔سالانہ یاترا کا اختتام 30 اگست کو خصوصی دعاؤں اور روایتی ’’وسرجن‘‘ کی رسم کے ساتھ ہوگا۔