لندن: ویڈیو اسٹریمینگ یوٹیوب نے اپنے معروف کریئیٹرز کو پلیٹ فارم سے خصوصی طور پر منسلک رکھنے کے لیے لاکھوں ڈالرز کی پیشکش کرنے پر سوچ بچار شروع کردی ہے۔
کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یوٹیوب بعض منتخب کریئیٹرز کو اس شرط پر بھاری ادائیگی کی پیشکش کر رہا ہے کہ وہ ایک مخصوص مدت تک اپنی ویڈیوز صرف یوٹیوب پر نشر کریں گے۔ تاکہ صارفین اس پلیٹ فارم سے جڑے رہیں۔
واضح رہے کہ یوٹیوب کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیٹ فلکس نے یوٹیوب کے معروف کریئیٹرز کی ویڈیوز اپنے پلیٹ فارم پر لائسنس کرنے کی کوششوں کا آغاز کیا ہے، یوں دونوں پلیٹ فارمز کے درمیان بڑے ڈیجیٹل کریئیٹرز اور ان کے ناظرین کے لیے مقابلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی ویب سائٹ بزنس انسائیڈر کو دو افراد نے بتایا کہ یوٹیوب کی جانب سے چند بڑے کریئیٹرز سے مذاکرات کئے جارہے ہیں۔
ہر کریئیٹر کے لیے معاہدے کی شرائط مختلف ہوسکتی ہیں اور فی الحال ان مذاکرات کو مکمل کرنے کی کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق یوٹیوب نے ایک کریئیٹر کو لاکھوں ڈالر کی پیشکش کی، جس کے بدلے میں اسے ایک مخصوص مدت تک اپنی ویڈیوز خصوصی طور پر یوٹیوب پر پوسٹ کرنا ہوں گی۔ تاہم، یہ پیشکش ابتدائی طور پر زبانی تھی اور معاہدے کی تفصیلات ابھی طے نہیں ہوئی تھیں۔
پلیٹ فارم کی جانب سے ان کریئیٹرز کو یہ عندیہ بھی دیا گیا ہے کہ جو خصوصی معاہدہ قبول نہیں کریں گے، انہیں مارکیٹنگ سپورٹ اور برانڈ ڈیلز تک رسائی جیسی بعض سہولیات میں کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔