ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آزاد کشمیر کے 4اضلاع میں انٹرنیٹ سروس مکمل،4 میں جزوی بحال

راولاکوٹ اور سدھنوتی میں انٹرنیٹ سروس بدستور معطل رہے گی۔

August 31, 2026 · اہم خبریں

فائل فوٹو

فائل فوٹو

 

آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیر اعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کے حکم پر چار اضلاع میں مکمل، چار میں جزوی انٹرنیٹ سروس بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

 

محکمہ داخلہ آزادکشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، ضلع نیلم ، حویلی کہوٹہ ،میرپور اور بھمبر میں ڈی ایس ایل سروس بحال کردی گئی ہے، جہلم ویلی، باغ، دھیرکوٹ اور کوٹلی میں فی الحال صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے ڈی ایس ایل سروس بحال کی گئی ہے۔

 

محکمہ داخلہ کے مطابق تعلیمی اداروں اور بینکوں کو وائٹ لسٹڈ ڈی ایس ایل کنکشن فراہم کیے جائیں گے۔ وائٹ لسٹ کیے جانے والے اداروں کے سربراہان کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا،اس بات کی ضمانت بھی دینا ہوگی کہ انٹرنیٹ سروس کو قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں کیا جائے گا۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق پونچھ ڈویژن کے اضلاع راولاکوٹ اور سدھنوتی میں انٹرنیٹ سروس بدستور معطل رہے گی۔

 

آزاد کشمیر میں کئی علاقوں میں معطل انٹرنیٹ سروسز 31 اگست 2026 سے مرحلہ وار بحال کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔

جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ داخلہ نے وزارت داخلہ پاکستان کو خط ارسال کیا جس میں آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے کی درخواست کی گئی ۔ تاہم مختلف علاقوں میں سروسز کی بحالی کی نوعیت اور دائرہ کار الگ الگ رکھا گیا ہے۔

احکامات کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے ضلع نیلم میں اپر اور لوئر نیلم کے علاقوں میں ڈی ایس ایل اور تھری جی، فور جی سروسز بحال کی جائیں گی۔ مظفرآباد میں صرف تعلیمی اداروں، جن میں اسکول، کالجز اور جامعات شامل ہیں، اور بینکوں کو ڈی ایس ایل انٹرنیٹ کی اجازت ہوگی۔

جہلم ویلی میں بھی صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے ڈی ایس ایل سروس بحال ہوگی، جبکہ لیپا ویلی میں ڈی ایس ایل کے ساتھ تھری جی اور فور جی سروسز بھی بحال کی جائیں گی۔

پونچھ ڈویژن میں راولا کوٹ اور سدھنوتی کے پورے اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بدستور مکمل طور پر معطل رہے گی۔ باغ میں باغ شہر اور دھیرکوٹ کے تعلیمی اداروں اور بینکوں کو محدود ڈی ایس ایل سروس فراہم کی جائے گی، جبکہ حویلی کہوٹہ میں ڈی ایس ایل اور تھری جی، فور جی سروسز مکمل طور پر بحال کرنے کی اجازت ہوگی۔

میرپور ڈویژن میں کوٹلی کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے ڈی ایس ایل سروس بحال کی جائے گی، تاہم سہنسہ، سرساوہ، بلوچ اور تتہ پانی اس پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔ ضلع بھمبر اور میرپور میں پورے اضلاع کے لیے ڈی ایس ایل سروس بحال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

احکامات میں یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ تمام متعلقہ تعلیمی اداروں اور بینکوں کے سربراہان کو بیان حلفی جمع کرانا ہوگا کہ فراہم کیے جانے والے انٹرنیٹ کنکشن کو امن عامہ، ریاستی مفادات یا قومی سلامتی کے خلاف کسی سرگرمی کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے انٹرنیٹ سروسز کی مرحلہ وار بحالی کا فیصلہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں عائد مواصلاتی پابندیوں میں محدود نرمی کی نشاندہی کرتا ہے، تاہم متعدد اضلاع میں عام صارفین کے لیے انٹرنیٹ سروس تاحال بحال نہیں کی جا رہی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں