ڈی آئی جی ساؤتھ نے فریقین کو اپنے دفتر طلب کرلیا
تصویر سوشل میڈیا
کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بخاری میں تشدد کے شکار بہن بھائی کو دھمکیاں ملنے لگیں اور فیملی کو صلح پر مجبور کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
متاثرہ خاندان نے فلیٹ سے سامان دوسری جگہ منتقل کردیا، ڈی آئی جی ساؤتھ نے فریقین کو اپنے دفتر طلب کیا ہے۔سامنے آنے والی ویڈیو کی فارنزک کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکار بھی تھانے طلب کرلیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ویڈیو میں دیکھا گیاکہ تشدد کرنے والی خاتون ہاتھوں میں ڈمبل لیے باوردی پولیس اہلکاروں کے ساتھ سیڑھیوں سے اتری اور فلیٹ کے باہر کھڑی خاتون پر ڈمبل برساتی رہی۔
مزاحمت پر پولیس اہلکار تشدد کا نشانہ بننے والوں کو ہی روکتے رہے ، سادہ لباس میں موجود ایک شخص نے پولیس اہلکار سے سرکاری بندوق لے کر سی سی ٹی وی کیمرا بھی توڑ دیا۔
متاثرہ خاتون نے الزام لگایا کہ وہ اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ رہتی ہیں، بااثر خاتون نے نہ صرف مار پیٹ کی بلکہ دونوں بہن بھائیوں کو گرفتار کرا کے مقدمہ درج کرادیا تاہم انہوں نے چند روز میں ضمانت حاصل کرلی تھی۔