سوشل میڈیا کا استعمال بچوں سمیت تمام لوگوں کی ذہنی صلاحیت کو متاثر کر رہا ہے، طبی اور نفسیاتی تحقیقات کے مطابق اس کے اثرات واضح اور خطرناک ہیں اور اس کے استعمال سے ذہنی کارکردگی، یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
سوشل میڈیا کے استعمال کے دوران مسلسل اسکرولنگ، نوٹیفکیشن چیک کرنا اور آن لائن سرگرمیوں میں حصہ لینا دماغ کے اُن حصوں اور نیٹ ورکس کو بار بار متحرک کرتا ہے جو توجہ، ریوارڈ سسٹم اور رویے پر قابو رکھنے سے متعلق ہیں، جس کے نتیجے میں خاص طور پر مسلسل توجہ برقرار رکھنے اور بار بار توجہ منتقل کرنے کے عمل پر اثر پڑ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق موبائل اور سوشل میڈیا کے بے دریغ استعمال نے نوجوانوں اور بچوں کی سوچنے، سمجھنے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو گہرا نقصان پہنچایا ہے۔
امریکا میں بچوں پر کی گئی ایک تحقیق کے مطابق نوجوانوں میں سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال کا تعلق اُن کی ذہنی صلاحیتوں کو کمزور کررہا ہے۔ وہ بچے جنھوں نے عمر کے تقریباً 9 سے 13 سال کے دوران سوشل میڈیا کا استعمال زیادہ کیا، اُن کے بولنے، الفاظ سمجھنے اور حافظے کی جانچ کے ٹیسٹوں میں کارکردگی کم رہی۔
زیادہ دیر سوشل میڈیا استعمال کرنے سے بچوں اور نوعمروں میں ذہنی تناؤ، چڑچڑاپن اور سماجی و نفسیاتی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔