ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سوپور میں جماعتِ اسلامی سے مبینہ طور پر منسلک جائیدادیں ضبط، دو عمارتیں، چھ دکانیں اور دو کنال اراضی شامل

سوپور/شمالی کشمیر کے سوپور میں پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون (UAPA) کے تحت ڈورو گاؤں میں دو دو منزلہ عمارتوں، چھ دکانوں اور دو کنال اراضی کو منسلک/ضبط کر لیا ہے۔
ان جائیدادوں میں ڈورو کا اسلامیہ ماڈل اسکول بھی شامل ہے۔ یہ جائیدادیں پولیس تھانہ سوپور میں درج ایف آئی آر نمبر 42/2025 کی تحقیقات کے دوران سامنے آئیں، جو UAPA کی دفعات 10 اور 13 کے تحت درج کی گئی تھی۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ مذکورہ اسکول سال 2022 سے بند ہے۔ تحقیقات کے دوران سرکاری و محکمہ مال کے ریکارڈ کی جانچ اور متعلقہ حکام سے تصدیق کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ جائیدادوں کا مبینہ طور پر ممنوعہ تنظیم جماعتِ اسلامی جموں و کشمیر (JeI) سے تعلق ہے۔
عہدیدار کے مطابق سوپور پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے ڈوزیئر کی بنیاد پر ڈویژنل کمشنر کشمیر نے 12 اگست 2026 کو UAPA کی دفعہ 8(1) کے تحت ان جائیدادوں کو نوٹیفائی کیا۔
بعد ازاں سوپور پولیس کی درخواست پر ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ نے UAPA کی دفعات 8(3) اور 8(4) کے تحت احکامات جاری کیے۔ ان احکامات کے بعد پولیس نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت جائیدادوں کو منسلک کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ممنوعہ تنظیموں اور ان سے مبینہ طور پر وابستہ نیٹ ورکس سے جڑی جائیدادوں اور اثاثوں کی مسلسل تحقیقات کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی ہے۔
سوپور پولیس نے کہا کہ وہ ممنوعہ تنظیموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایسی جائیدادیں، جن کا مبینہ طور پر ان تنظیموں سے تعلق ہو، قانون کے تحت ممنوعہ سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہوں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں