اہم دفاعی معاہدہ، تخمینہ لاگت 24 ارب ڈالر، سکیورٹی تعاون میں اضافہ ہوگا۔
امریکہ کی جانب سے سعودی عرب کو ایف 35 طیاروں کی فروخت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریاض میں قائم امریکی سفارت خانے کے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے سلطنتِ سعودی عرب کو ایف 35 لائٹننگ ٹو جوائنٹ اسٹرائیک فائٹر طیاروں اور اس سے متعلقہ سازوسامان کی ممکنہ غیر ملکی فوجی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ اس دفاعی معاہدے کی کل تخمینہ لاگت 24.3 ارب ڈالر تک بتائی گئی ہے۔
امریکہ کے سرکاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ مجوزہ فروخت خلیجی خطے میں سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے ضامن ایک اہم غیر نیٹو اتحادی کی سلامتی کو بہتر بنا کر امریکہ کے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کی حمایت کرے گی۔ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔