کراچی (23 ستمبر 2026): کوا ایک سیانا پرندہ کہلاتا ہے آج پھر اس کی ذہانت کے جوہر کھل کر سامنے آ گئے جب وہ گولفر بنا۔
ماضی کی کتابوں میں سیانا کوا پانی کی تلاش میں سرگرداں رہتا تھا، لیکن جیسے جیسے زمانہ جدید ہوتا گیا، یہ سیانے کوے بھی اپنی ذہانت کو جدید زمانے سے ہم آہنگ کرتے گئے۔
وہ زمانے گزر گئے جب کوا صرف مٹکے میں کنکریاں ڈال کر پانی اوپر لاتا اور پانی پیتا تھا۔ آج کا کوا جہاں شیر کی خالہ بلی کو ناکوں چنے چبوانے کا ہنر جانتا ہے تو وہیں ماحول کو صاف رکھنے کے لیے کچرا کوڑے دان میں ڈالتا دکھائی دیتا ہے۔
کہیں کوا رشوت خور کے کردار میں نظر آتا ہے تو کہیں وہ انسانوں کی طرح باتیں کرتا دکھائی دیتا ہے۔
لیکن یہاں ہم آپ کی ایک ایسے سیانے کوے سے ملاقات کرا رہے ہیں، جس پر کھلاڑی بننے کا جنون سوار ہوا تو وہ گولفر بن بیٹھا۔
برطانیہ میں ایک کوے نے کھیل کی اصطلاح برڈی کو اس وقت حقیقت کا روپ دے دیا، جب کھلاڑی سے گیند گالف ہول میں نہیں گئی تو پھر کوا میدان اترا۔
جس طرح مذکورہ کوے کا جد امجد اپنی چونچ میں کنکریاں لا لا کر مٹکے میں ڈالتا تھا، اسی طرح یہ کوا بھی چونچ سے آہستہ آہستہ گیند سرکاتا ہوا گالف ہول کے قریب لایا اور گیند ہول میں ڈال کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔