سری نگر/جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے صدر اور ہندواڑہ کے رکن اسمبلی سجاد لون نے مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے جنگلات اور قبائلی حقوق کے معروف علمبردار دلیپگھودے کی قیادت میں ایک وفد سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جموں و کشمیر میں فارسٹ رائٹس ایکٹ (FRA)کے مؤثر نفاذ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سجاد لون نے فارسٹ رائٹس ایکٹ کو ایک ’’جامع اور بااختیار بنانے والا قانون‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون کا مقصد جنگلات پر انحصار کرنے والی ان برادریوں کے حقوق کو تسلیم اور تحفظ فراہم کرنا ہے، جن کی زندگی اور روزگار ان جنگلات سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔
انہوں نے مستقبل کے حوالے سے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ فریق مل کر کام کریں تاکہ جموں و کشمیر میں اس قانون کا ’’بامعنی اور مؤثر نفاذ زمینی سطح پر یقینی بنایا جا سکے‘‘اور اس کی دفعات ان برادریوں کے لیے حقیقی فوائد میں تبدیل ہوں جن کے لیے یہ قانون بنایا گیا ہے۔ملاقات میں معروف ماہرِ ماحولیات ڈاکٹر راجا مظفر بٹ بھی موجود تھے، جنہوں نے دلیپ گودھےکے ہمراہ وفد میں شرکت کی۔