ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

راجیو چوک سمیت دہلی کے چھ میٹرو اسٹیشنوں پر آج شام 4 بجے تک داخلہ اور اخراج بند

نئی دہلی/دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی)نے اعلان کیا ہے کہ چھ میٹرو اسٹیشنوں پر صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک داخلہ اور اخراج بند رہے گا۔ پیر کو یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب اپوزیشن پارٹیاں مبینہ ’’ووٹ چوری‘‘کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ تک مارچ کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔
ڈی ایم آر سی نے کل رات دیر گئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ پٹیل چوک، جن پتھ، راجیو چوک، منڈی ہاؤس، سنٹرل سکریٹریٹ، اور باراکھمبا روڈ میٹرو اسٹیشنوں پر مسافروں کا داخلہ اور اخراج بند کر دیا گیا ہے۔ تاہم، ان تمام اسٹیشنوں پر انٹرچینج کی سہولیات دستیاب رہیں گی۔ میٹرو انتظامیہ نے کہا کہ سیکیورٹی ایجنسیاں صورتحال کا جائزہ لیں گی اور ضرورت پڑنے پر مزید معلومات شیئر کی جائیں گی۔
اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک کے بینر تلے تجویز کیے گئے اس مارچ کو ’’چلو دہلی – جمہوریت کے لیے مارچ‘‘کا نام دیا گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں انتخابی بے ضابطگیوں کے الزام میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ احتجاج کے دوران، ان کے استعفیٰ، ووٹر لسٹوں کی اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر)کو روکنے، اور بیلٹ پیپر ووٹنگ کو دوبارہ شروع کرنے کے مطالبات اٹھائے جائیں گے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے نے پیر یعنی آج شام 4 سے 5 بجے کے درمیان چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریہ کانت سے ملاقات کی درخواست کی تھی جو انہوں نے مسترد کر دی ہے۔ وہ چیف جسٹس کو ایک میمورنڈم پیش کرنا چاہتے تھے جس میں الیکشن سے متعلق اپنے تحفظات کا خاکہ پیش کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں اسی طرح کے زیر التوا کیسز کو وجہ بتاتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کو ای میل کے ذریعے جواب بھیجا گیا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ مارچ میں اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے گروپس، سیول سوسائٹی کے ارکان اور جمہوریت اور آئین پر یقین رکھنے والے بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو مختلف پارٹیوں کے لوگ پارٹی، جنس، ذات پات، برادری اور ریاستی حدود سے اوپر اٹھ کر ہندوستانی شہری کی حیثیت سے سپریم کورٹ تک مارچ کریں گے۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں