ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

دشینت گوتم کو گورنر بنانے کے خلاف انکیتا کے اہلِ خانہ کا دھرنا، راہل پرینکا نے کی ملاقات، بی جے پی پر تنقید

کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی بدھ کی رات انڈیا گیٹ پہنچے، جہاں انہوں نے کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور رکنِ پارلیمان پرینکا گاندھی کے ساتھ انکیتا بھنڈاری کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ خاندان نے انڈیا گیٹ پر دھرنا دیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما دشینت کمار گوتم کو گورنر مقرر کیے جانے کے فیصلے کی مخالفت کی۔

خیال رہے کہ انکیتا بھنڈاری کا 2022 میں اتراکھنڈ میں قتل کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں گوتم پر بھی الزامات لگائے گئے تھے۔ کانگریس کی ایکس پوسٹ میں کیا گیا کہ انکیتا پر گوتم کو ’سروس‘ فراہم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا اور انکار پر انہیں قتل کیا گیا۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے گوتم کو سکم کا گورنر مقرر کر کے نوازا ہے اور حکومت متاثرہ خاندان کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انکیتا کی والدہ نے کہا کہ گوتم کو گورنر مقرر کیے جانے کی خبر سے انہیں گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے صدرِ جمہوریہ سے اپیل کی کہ سی بی آئی کی تحقیقات مکمل ہونے تک تقرری کا عمل روک دیا جائے۔ ان کے بقول، صدر خود ایک خاتون ہیں اور ان کے دکھ کو سمجھ سکتی ہیں۔ والدہ نے کہا کہ وہ انصاف ملنے تک دھرنے پر بیٹھی رہیں گی اور گوتم کو کوئی عہدہ نہیں دیا جانا چاہیے۔

انکیتا کے والد ویریندر سنگھ بھنڈاری نے بھی صدر سے درخواست کی کہ تحقیقات مکمل ہونے تک گوتم کو گورنر مقرر نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گوتم کو جیل میں ہونا چاہیے۔ کانگریس رہنما پون کھیڑا نے بھی تقرری پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بی جے پی کب تک زیادتی کرنے والوں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور کہا کہ انکیتا کی والدہ اس معاملے پر سامنے آنے کے بعد سے مسلسل رو رہی ہیں۔

سماجی کارکن یوگیتا بھایانا نے بتایا کہ گوتم کو گورنر بنائے جانے کی خبر کے بعد وہ پریشان ہوگئیں۔ انہوں نے انکیتا کے خاندان سے رابطہ کیا، جس کے بعد اہلِ خانہ نے انہیں دہلی آنے کو کہا۔ خاندان کا مطالبہ ہے کہ سی بی آئی تحقیقات مکمل ہونے تک تقرری روکی جائے اور انکیتا کے قتل کے معاملے میں انصاف یقینی بنایا جائے۔

ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے ایکس پر لکھا کہ چار سال گزرنے کے باوجود انکیتا کے خاندان کو انصاف نہیں ملا، جبکہ ان کے بقول ایک ’وی آئی پی‘ ملزم کو تحفظ اور آئینی عہدے سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو خواتین مخالف قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی کے دور میں ملزمان کا استقبال کیا جاتا ہے اور انہیں اقتدار کی طاقت ملتی ہے۔ راہل نے کہا کہ انکیتا کے والدین اپنے گھر سے دور انڈیا گیٹ پر بیٹی کے لیے انصاف مانگ رہے ہیں اور وہ اور کانگریس ان کے دکھ اور انصاف کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں