جامع کلاتھ مارکیٹ میں40سے زائد مارکیٹوں کے اطراف ٹھیلے اور پتھارے مسمار کردئیے
تاجربرادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ٗ پولیس سے تعاون جاری رہے گا ٗ جامع الائنس آف مارکیٹس
کراچی (کامرس ڈیسک) تجارتی مراکز میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے اینٹی انکروچمنٹ سیل کا قیام، جامع کلاتھ کی 40 سے زائد مارکیٹوں کے اطراف ٹھیلے اور پتھارے صاف کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق تاجر برادری کی جانب سے ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹھیلوں، پتھاروں اور دیگر تجاوزات کے خاتمے کے لیے درخواست کی گئی تھی ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے مارکیٹوں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے اینٹی انکروچمنٹ سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، تاجر برادری کی ہدایت پر تجارتی مراکز میں شام 6 سے رات 10 بجے تک گشت کرے گا۔ اینٹی انکروچمنٹ سیل کی جانب سے گزشتہ روز شہر کے اہم تجارتی مرکز جامع کلاتھ میں موجود 40 سے زائد مارکیٹوں کے اطراف تمام ٹھیلے، پتھارے اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ تاجر برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جامع الائنس آف مارکیٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ ارشاد، خالد نور اوردیگر عہدیداران نے اینٹی انکروچمنٹ سیل کے پولیس افسران اور ڈی آئی جی ٹریفک کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں کی بہتری کے لیے تاجر برادری کا پولیس سے تعاون جاری رہے گا۔

