ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بھائی بہن کے پیار، اعتماد اور اٹوٹ رشتے کا جشن رکشا بندھن ملک بھر میں دھوم دھام سے منایا گیا

نئی دہلی/بھائی بہن کے پیار، اعتماد اور اٹوٹ رشتے کا جشن رکشا بندھن مقدس ماہِ شراون کی پورنما کے دن جمعہ کو پورے ملک میں دھوم دھام سے منایا گیا۔پنچانگ کی تاریخوں کے مطابق جمعرات کو ہی پورنما لگنے اور آج صبح تک اس کے ختم ہونے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مغربی بنگال سمیت ملک کے کئی حصوں میں رکشا بندھن کا تہوار کل ہی منا لیا گیا جبکہ زیادہ تر مقامات پر یہ تہوار آج منایا گیا۔
رکشا بندھن کے پیشِ نظر گزشتہ کئی دنوں سے بازاروں میں کپڑوں، راکھیوں اور مٹھائیوں کی دکانوں پر بھیڑ امڈی رہی۔ آج صبح سے ہی گھروں میں تہوار کی رونق دیکھنے کو ملی۔ بہنوں نے بھائیوں کی کلائی پر راکھی باندھ کر ان کی لمبی عمر اور امن وخوشحالی کی دعا کی، جبکہ بھائیوں نے بھی بہنوں کی حفاظت کا عہد لیتے ہوئے انہیں تحائف پیش کیے۔ گھروں میں پوجا پاٹھ کے بعد مٹھائی کھلا کر ایک دوسرے کا منہ میٹھا کرایا گیا۔ دور دراز رہنے والے بھائی بہن بھی رکشا بندھن منانے کے لیے اپنے خاندانوں کے درمیان پہنچے۔وزیرِ اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے رکشا بندھن کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دی۔
مودی نے اپنے پیغام میں کہا، “رکشا بندھن کی دلی مبارکباد۔ یہ مقدس تہوار آپ سبھی کی زندگی میں خوشحالی، ترقی اور کامیابی لائے۔ پیار، اپنے پن اور باہمی اعتماد کا دھاگا ہمیشہ اٹوٹ رہے۔ یہی میری دلی خواہش ہے۔” انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوگوں کے درمیان محبت، اپنے پن اور باہمی اعتماد کا بندھن مضبوط اور قائم رہے گا۔
کھرگے نے کہا کہ رکشا بندھن بھائی بہن کے پیار، اعتماد اور اٹوٹ رشتے کا جشن ہے۔ یہ تہوار باہمی احترام، مساوات اور ایک دوسرے کے تئیں ذمہ داری کے جذبے سے بھی جوڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذات، مذہب اور عقیدے کی حدود سے بالاتر ہو کر بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام دینے والا یہ تہوار معاشرے کی خوبصورت روایتوں کی علامت ہے۔
گاندھی نے کہا کہ محبت کے دھاگوں سے بندھا بھائی بہن کا اٹوٹ رشتہ پیار اور اعتماد کے ساتھ اور بھی مضبوط ہو۔ انہوں نے دعا کی ہے کہ راکھی کا مقدس بندھن تمام اہل وطن کی زندگی میں محبت، اتحاد اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرے۔
اتراکھنڈ کے دہرا دون میں واقع لوک بھون میں پرجا پتا برہما کماری ایشوریہ وشو ودیالیہ کی بہنوں نے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) گرمیت سنگھ کو رکشا سوتر باندھ کر ان کی صحت مند اور طویل زندگی کی دعا کی۔ گورنر نے تمام بہنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے رکشا بندھن کو محبت، اعتماد اور سماجی ہم آہنگی کی علامت بتایا۔ انہوں نے طالبات اور بچوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ رکشا بندھن صرف بھائی بہن کے رشتے تک محدود تہوار نہیں ہے، بلکہ یہ سکیورٹی، اعتماد، ذمہ داری اور باہمی احترام کے جذبے کو مضبوط کرنے کا موقع بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے فوجیوں سے لے کر معاشرے اور خاندان کی سکیورٹی و فلاح و بہبود میں تعاون دینے والے ہر فرد کے تئیں احترام کا اظہار کرنا اس تہوار کے جذبے کو مزید وسعت دیتا ہے۔
راجستھان کے الور میں رکشا بندھن کے جوش و خروش کے ساتھ ہی پتنگ بازی کا بھی خاصا ماحول رہا۔ دن بھر آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے ڈھکا رہا۔ چھتوں پر بچے، نوجوان اور خاندان کے لوگ پتنگ اڑاتے نظر آئے۔ پتنگ کٹتے ہی چھتوں سے ‘وو کاٹیا… وو کاٹیا’ کی گونج سنائی دیتی رہی۔ کئی جگہ پتنگ بازی کو لے کر نوجوانوں میں خاصا جوش و خروش نظر آیا اور لوگ گھنٹوں تک چھتوں پر ڈٹے رہے۔
یہاں کی سینٹرل جیل میں بھی یہ تہوار جذباتی کر دینے والا رہا۔ جیل میں اپنے بھائیوں کو راکھی باندھنے کے لیے بڑی تعداد میں بہنیں پہنچیں۔ طویل عرصے بعد بھائی کو سامنے دیکھ کر کئی بہنوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ ملاقات کے دوران بھائی بہن کے درمیان جذبات کا ایسا سیلاب امڈ آیا کہ ماحول غمگین ہو گیا۔
جیل احاطے میں پہنچی بہنوں نے رسم و رواج کے مطابق بھائیوں کے ماتھے پر تلک لگایا، چاول لگائے، آرتی اتاری اور ان کی کلائی پر راکھی باندھی۔ اس کے بعد بہنوں نے بھائیوں کا منہ میٹھا کرایا اور ان کی لمبی عمر اور بہتر مستقبل کی دعا کی۔ بھائیوں نے بھی اپنی بہنوں کا حال احوال جانا اور انہیں خوش رہنے کی بات کہی۔ رکشا بندھن پر جیل میں قیدیوں سے ملنے پہنچنے والی بہنوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے جیل انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے تھے۔
دھرم اور عقیدے کی نگری اتر پردیش کے کاشی میں رکشا بندھن کا تہوار جمعہ کے روز عقیدت اور بھکتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر بابا وشوناتھ کو راکھی ارپت کر کے بھائی بہن کے اٹوٹ پیار اور اعتماد کی علامت اس مقدس تہوار پر بابرکت دعائیں مانگی گئیں۔
عقیدت مندوں نے بابا وشوناتھ سے دعا کی کہ وہ تمام بھائی بہنوں کے درمیان محبت، پیار اور اعتماد کو ہمیشہ برقرار رکھیں نیز ان کے خاندانوں میں سکھ، شانتی اور خوشحالی عطا کریں۔ کاشی میں بابا وشوناتھ کو راکھی ارپت کرنے کی روایت مذہبی عقیدت کے ساتھ بھائی بہن کے مقدس رشتے کے تئیں احترام اور جذباتی لگاؤ کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ بھکتوں نے بابا وشوناتھ کو اپنا محافظ مانتے ہوئے خاندان اور معاشرے کی خوشحالی کی دعا کی۔
کانپور ضلع کے پوروامیر گاؤں میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا۔ اس دوران ایک دوشیزہ رکشا بندھن کی تیاریوں کے درمیان یشی (20) نہانے کے بعد پوجا کا سامان تیار کر رہی تھی تبھی صحن کی زمین دھنس گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے دوشیزہ اس میں سما گئی۔ موقع پر مقامی پولیس کے علاوہ ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کے جوان راحت اور بچاؤ کے کام میں لگے ہیں۔ مسلسل بارش کے بعد صورتِ حال مزید خراب ہونے سے صحن کا حصہ اچانک دھنسنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں