ہری پور (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی، پیٹرولیم اور قدرتی وسائل عمرایو ب خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کابینہ سے کام لے رہے ہیں جس کی بدولت ملک ترقی کر رہا ہے، ہوا سے پیدا ہونے والی 500 میگا واٹ بجلی کے نئے منصوبے پر کام شروع کر رہے ہیں،فی یونٹ قیمت 6 روپے ہوگی، سابق حکومت نے جو بجلی پیدا کی وہ 16 تا 17 روپے یونٹ تھی، مرکزی حکومت نے صرف ہری پورکیلیے بجلی کی مد میں11 ارب روپے ریلیز کیے جبکہ 10 ارب روپے کے گیس منصوبوں پر کام جاری ہے، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے اربوں روپے کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے ہری پورایک ماڈل ضلع کے طور پر سامنے آئے گا۔ وہ ہری پور کے نواحی علاقے پھرہاڑی میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر مواصلات اکبر ایوب خان، رہنما پی ٹی آئی سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان، سیاسی و سماجی شخصیت راجا محمد زبیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی مرکزی و صوبائی حکومت کی موجودگی میں ہری پور میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ حطار میں 9 ارب روپے کی لاگت سے 220 کے وی اے کے گرڈ اسٹیشن، سرائے صالح میں 60 کروڑ کی لاگت سے 132 کے وی اے، اتنی ہی مالیت سے خان پور اور کلنجر کیلیے گرڈ اسٹیشن کی منظوری ہوچکی ہے۔ بے شمار نئے فیڈرز کا کام مکمل کرکے ضلع سے کم وولٹیج کا مسئلہ حل کردیا گیا ہے۔ موجودہ دور حکومت میں لوڈ شیڈنگ بھی تقریباً ختم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور جامعہ کیلیے پچھلے ہفتے ڈیڑھ ارب روپے کی منظوری حاصل کی ہے۔ سرائے صالح کے مقام پر انٹرچینج اور ہری پورجی ٹی روڈ پر اوور ہیڈ برج بنانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت کے زیرا اہتمام جدید قسم کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
