English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکی جنگی بیڑے اور جہازوں کا آبنائے ہرمز سے گزر

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں اس کا طیارہ بردار بحری بیڑا ابراہام لنکن منگل کے روز آبنائے ہرمز سے گزرا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے ٹویٹر پر امریکی طیارہ بردار جہاز کی آبنائے ہُرمز سے گزرنے کی تصویر شائع کی ہے۔ آبنائے ہرمز ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہے اور دنیا کے تیل کا تقریباً 5 فیصد اسی راستے سے گزرتا ہے۔ امریکی بحری بیڑے کے ساتھ 3 دوسرے جنگی جہاز بھی شامل تھے۔ پینٹاگون کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ امریکی افواج اور ایرانی کوسٹ گارڈ کے درمیان پیشہ ورانہ روابط موجود تھے۔ واضح رہے کہ جون میں ایران کی طرف سے اس علاقے میں امریکی ڈرون گرائے جانے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی امریکی طیارہ برداربیڑے نے آبنائے ہرمز کو عبور کیا ہے۔ دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کانگریس کو باضابطہ طور پر 3 ہزار امریکی فوجیوں کو سعودی عرب بھیجنے سے متعلق باقاعدہ آگاہ کردیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ ایران خاص طور پر تیل تنصیبات کو نشانہ بناکر خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے اور ہم ایران کے جارحانہ کردار کا مقابلہ کرنے کے لیے سعودی عرب میں مزید فوج بھیج رہے ہیں۔ میں نے خطے کا دفاع مستحکم کرنے اور ایرانی اشتعال انگیزی کی روک تھام کے لیے امریکی فوجیوں کی تعیناتی کا حکم دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کانگریس کو لکھے مکتوب میں مزید کہا کہ پہلے سے موجود فوجیوں کے علاوہ سعودی عرب میں مزید 3 ہزار امریکی فوجی تعینات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے