English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شام پر اسرائیلی حملے 23 افراد ہلاک

دمشق: اسرائیلی میزائل شامی فضا میں ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں‘ نشانہ بننے والی عمارتوں کو پہنچنے والا نقصان بھی دیکھا جاسکتا ہے

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام پر اسرائیل کے تازہ حملوں میں 23 افراد مارے گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب جنگی طیاروں نے دمشق کے نواح میں اسدی فوج اور اس کے حلیف ایران کے عسکری اہداف پر کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے جنگی طیاروں نے ایک روز قبل شامی علاقے سے اسرائیل کی طرف راکٹ داغیجانے پر شام میں ایران اور اسدی فوج کے مختلف اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔ یہ راکٹ منگل کے روز مبینہ طور پر شام سے جولان کی جانب داغے گئے تھے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل اویچے ادرائی نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ اس فضائی کارروائی کے دوران شامی دارالحکومت کے قریب درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ شامی علاقے میں قائم یہ درجنوں اہداف ایران کی القدس فورس اور اسدی فوج کے ٹھکانے تھے، جن میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظاموں کے مرکز، اسلحہ ڈپو اور عسکری اڈے شامل ہیں۔ علاقے میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مرنے والوں میں 16 غیرملکی جنگجو اور 7دیگر شامل ہیں۔ تاہم اسدی میڈیا نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں 2 شامی شہری ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔ اسدی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے زیادہ تر اسرائیلی میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔ اسرائیل ماضی میں بھی شام میں مبینہ ایرانی فوجی اڈوں اور کمانڈروں کو نشانہ بناتا رہا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ شام میں ایرانی عسکری اہداف پر سیکڑوں حملے کر چکا ہے، جن کا مقصد ایران کو شام میں اپنی فوجی موجودگی کو استحکام دینے سے روکنا اور شام ہی میں لبنان کی حزب اللہ ملیشیا کو ایرانی ہتھیار فراہم کیے جانے کا راستہ بند کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے