
سیئول (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا کے لیے خصوصی امریکی مندوب اسٹیفن بیگن نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت شمالی کوریائی کی جانب سے جوہری پروگرام کے حوالے سے دی گئی رواں برس کے اختتام تک کی مہلت تسلیم نہیں کرتی۔ شمالی کوریا نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 31دسمبر تک پیانگ یانگ کے خلاف عائد پابندیوں میں نرمی کرے۔ اسٹیفن بیگن کا دورئہ جنوبی کوریا کے دوران کہنا تھا کہ یہ مہلت پیانگ یانگ حکومت نے اپنے طور پر طے کی ہے۔ واشنگٹن اس بات سے آگاہ ہے کہ شمالی کوریا آیندہ اشتعال انگیزی کی کوشش کر سکتا ہے اور یہ بات جزیرہ نما کوریا میں امن کوششوں کے لیے نقصان دہ ہو گی۔انہوں نے کہا کہ واشنگٹن حکومت نے شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کی کوئی میعاد مقرر نہیں کی ہے۔ جنوبی کوریا کے نمایندہ خصوصی برائے جزیرہ نما کوریا امن اور سلامتی امور ای دو ہون کے ساتھ مشترکہ انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس صدر ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان کی تاریخی سربراہ ملاقات میں کی گئی یقین دہانیوں کو پوراکرنے کی کوشش کی جائے گی۔
