
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس کے دارالحکومت ماسکو کے وسطی علاقے میں واقع فیڈرل سیکورٹی سروس(ایف ایس بی) کے ہیڈکوارٹرز کے قریب فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ روسی اخبار ایزویستیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایف ایس بی سروس کے ہیڈکوارٹرز کے قریب پیش آیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق مارے گئے تینوں افراد سیکورٹی افسر ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے ایف ایس بی کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں حملہ آور کو ہلاک کردیا اور حکام اس کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ روس کی اس اعلیٰ ترین سیکورٹی ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ حملہ آور صرف ایک تھا اور ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ حملہ آور سیکورٹی ایجنسی کے ہیڈکوارٹر کی لابی میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے خود کار کلاشنکوف رائفل استعمال کی۔ ایف ایس بی کا ہیڈکوارٹرز وسطی ماسکو میں کریملن سے صرف چند میٹر کے فاصلے پر لبینکا اسکوائر پر واقع ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے ایف ایس بی کے اطراف کی سڑکوں کو گھیر لیا۔ سوشل میڈیا پر اس واقعے کی جو وڈیوز پوسٹ کی گئیں، جن میں مسلح سیکورٹی افسران کو ایف ایس بی ہیڈکوارٹر کے نزدیک مصروف ترین شاپنگ علاقے کے چارو ں طرف دوڑتے بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سابق سوویت دور کی انٹیلی جنس ایجنسی کے جی بی کی جگہ قائم کی گئی ایف ایس بی نے حملہ آور کے مقصد کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں بتایا اور نہ ہی اس نے سیکورٹی آپریشن کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم کی ہیں۔ فائرنگ کا یہ واقعہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی سالانہ پریس کانفرنس کے تھوڑی دیر بعد پیش آیا۔ اس پریس کانفرس میں انہوں نے روسی سیکورٹی سروسز کے کام کی تعریف کی تھی۔
