English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی اسٹیڈیم میں فواد عالم کے حق میں نعرے گونج اٹھے

القمر

کراچی(سید وزیر علی قادری)کراچی ٹیسٹ کے لیے دوسرے روز بھی نیشنل ا سٹیڈیم میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ تماشائی کراچی میں ٹیسٹ کر کٹ کی بحالی پر خوش نظر آئے، اسٹیڈیم کے باہر کئی تماشائیوں نے سری لنکن شرٹ پہنی ہوئی تھی۔ سری لنکا کرکٹ ٹیم کی آمد کے موقع پر پہلے روز بھی مین گیٹ کے سامنے ان کی بس پہ پھولوں کی پتیاں پھینکیں گئی تھیں، گزشتہ روز بھی ا سٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد توقعات کے مطابق زیادہ نظر نہیں آئی۔تماشائی ویلکم سری لنکا کے بینراٹھائے ہوئے تھے ،کھیل کے دوسرے روز بھی پاکستان ٹیم کی جانب سے بدترین فیلڈنگ پر تماشائیوں نے سخت غصے کا اظاہر کیا اور نعرے لگائے کہ فوادعالم کو کب کھلائوگے ۔دریں اثنا کراچی سے تعلق رکھنے والے کئی لیجنڈ کرکٹرز، کے سی سی اے کے سابق مرکزی عہدیداروں سمیت آرگنائزرز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے دل چھوٹے کرلیے، ان کی سابقہ خدمات کو یکسر بھلا دیا گیا اور جن لیجنڈز کو ٹکٹ بھی دیے گئے وہ تذلیل سے کم نہ تھے۔ اس میں بورڈ کا سابق کرکٹرز سے افسوسناک رویے پر اسٹیڈیم میں موجود صحافیوں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بہت دکھ کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ پی سی بی کے رویے نے سابق کرکٹرز کو ناراض کر دیا۔یونس خان کے بعد صادق محمد نے بھی اس حوالے سے کھل کر اظہار خیال کیا ، 41 ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے والے صادق محمد کو بورڈ نے 50 روپے کے ٹکٹس تھمادیے۔انھوں نے میڈیا کے سامنے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میری پاکستان کرکٹ کیلیے اتنی زیادہ خدمات ہیں مجھے چیئرمین باکس میں مدعو کیا جانا چاہیے تھا، مگر افسوس کی بات ہے کہ عمران انکلوژر کے ٹکٹ بھیج دیے گئے۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں 8،10بڑے سابق کرکٹرز ہی ہوں گے بورڈ کو ان کا خیال رکھنا چاہیے، میں نے جب شکوہ کیا تو ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے مین بلڈنگ کا پاس بھیج دیا، اس حوالے سے واضح پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ یونس خان نے تاخیر سے مدعو کیے جانے پر میچ کیلیے آنے سے انکار کر دیا تھا، سابق کپتان ظہیر عباس،معین خان اور سرفراز احمد سمیت محسن خان و کئی دیگر اسٹارز بھی شہرقائد سے تعلق رکھتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے