English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

روس اور یوکرائن کے درمیان گیس کی ترسیل پر تنازع ختم

القمر

ماسکو ؍ کیف (انٹرنیشنل ڈیسک) رُوس اور یوکرائن نے گیس ترسیل سے متعلق تنازع حل کرلیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یوکرائنی صدر وولو دومیر زیلنسکی نے دونوں ممالک کے مابین اس حوالے سے طے پانے والے ایک معاہدے کی تصدیق کردی ہے۔ دوسری جانب روسی ادارے ’’گیس پروم‘‘ کے مطابق 31 دسمبر کو ختم ہونے والے معاہدے میں 5 سال کی توسیع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ فریقین میں دو ہفتے قبل ایک اہم معاہدہ طے پایا تھا، تاہم اس کے بعد مزید بات چیت تعطل کا شکار ہو گئی تھی۔ روس یورپ کی گیس کی 18 فیصد ضرورت کو پورا کرتا ہے اور یہ گیس یوکرائن سے ہوکر یورپ پہنچتی ہے۔روس اور یوکرائن کے مابین ہونے والا معاہدہ پیر کی رات گئے ویانا میں طے پایا۔ دوسری جانب جرمنی نے روس اور یوکرائن کے درمیان گیس کی فراہمی جاری رکھنے کے حوالے سے طے پانے والے اہم معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس حوالے سے جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والا معاہدہ یورپ کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اچھا اور اہم فیصلہ ہے۔ جرمنی اپنی گیس کی ایک تہائی ضرورت روس سے پوری کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے