حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پنیاری پولیس نے خود کو نیب افسر ظاہر کرکے مقامی ٹرانسپورٹر سے 3کروڑ روپے بھتا طلب کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل مقامی ٹرانسپورٹرمحمد عباس گجرکی جانب سے تھانہ پنیاری میں شکایت درج کرائی گئی تھی کہ ایک شخص خود کو نیب کا افسربہرام ظاہر کرکے مجھ سے 3 کروڑ روپے بھتا مانگ رہا ہے۔ شکایت پر ایس ایچ او جاوید جلبانی نے تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے ملزم بہرام کے نمبر کی سی ڈی آر نکلوائی تو وہ نمبر گلستان دستگیر کے رہائشی وقاص ولد عالم زیب خٹک پٹھان کا نکلا جس پر نیب حیدرآباد میں وقاص کے حؤالے سے معلومات کی تو انہوںنے بتایا کہ وقاص نام کا کوئی شخص نیب افسر نہیں ہے،اس کے بعد ایس ایچ او جاوید جلبانی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے بھتا طلب کرنے والے چالباز شخص کو گرفتار کرلیا جبکہ گرفتار شخص نے اپنا فرضی نام بہرام ظاہر کیا تھا اوراصل نام وقاص ہے۔ملزم کو گزشتہ روزانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت حیدرآباد میں پیش کیا گیاجہاںجعلی نیب افسر بن کر3کروڑ روپے بھتا مانگنے کے مقدمے میں ملوث ملزم وقاص کو 7روز ہ تفتیشی ریمانڈ پر پنیار ی پویلس کے حوالے کردیا۔
