English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت میں احتجاج جاری‘ کیرالہ میں لاکھوں افراد سڑکوں پرنکل آئے

القمر

نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت میں شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کے خلاف ملک کی مختلف ریاستوں اور علاقوں میں عوام کے احتجاجی مظاہرے اور جلسے جاری ہیں، بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کے شہر کوچین میں لاکھوں لوگوں نے ایک ریلی میں شرکت کرکے شہریت ترمیمی ایکٹ ، قومی شہری رجسٹر اور قومی آبادی رجسٹر کی پرزور الفاظ میں مخالفت کی اور اس بات کا اعلان کیا کہ وہ آئین کی روح سے کسی کو بھی کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔کوچین میں مختلف ملی اور مذہبی تنظیموں کے متحدہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیرالہ مسلم لیگ کے صدر سید حیدر علی شہاب نے کہا کہ بھارت کسی ایک کا نہیں بلکہ جو یہاں پیدا ہوا ہے اس ملک میں اس کی موت اور زندگی کے لئے بنیادی حقوق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر آئینی قانون کی آڑ میں کسی کے ساتھ ناانصافی کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سے بھارتی ہونے کا ثبوت مانگنا اس کی توہین ہے۔ لاکھوں کے جم غفیر کو خطاب کرتے ہوئے بھارت کے مفتی اعلیٰ شیخ ابوبکر احمد نے بھی کہا کہ ہم پرامن طور پر قانون کے دائرے میں رہ کر جمہوری طریقے سے اس ایکٹ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ آئین کی بنیادی روح سے کھلواڑ کوقطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مفتی اعلی شیخ ابو بکر احمد نے کہا کہ یہ ملک کسی پارٹی دھرم ، مذہب یا ذات کا نہیں بلکہ یہاں بسنے والے ہر شہری ہندو، مسلم، سکھ ، عیسائی سب کا ہے اس موقع پر مظاہرین اپنے ہاتھوں میں مہاتما گاندھی ، بھیم را امبیڈکر، مولانا ابوالکلام آزاد کی تصویریں اور بھارت کا قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ ادھر قومی دارالحکومت دہلی کے مختلف علاقوں منجملہ کالندی کنج، متھرا روڈ ، شاہین باغ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے باہر عوام اور طلبہ کے مظاہرے جاری ہیں۔اس کے علاوہ شمال مشرقی ریاستوں خاص طور پر آسام میں سی اے اے کے خلاف طلبا اور عوام کے احتجاجی مظاہرے رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔مظاہروں میں شریک لوگ مسلسل یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ سی اے اے واپس لیا جائے کیونکہ یہ ملک کے آئین پر حملہ ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کرلیے جاتے اس وقت تک یہ احتجاجی مظاہرے جاری رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے