واشنگٹن (آئی این پی) امریکا نے اپنی فضائی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال سے گریز کریں، وہاں امریکی سول ایوی ایشن پر حملوں کا خطرہ ہے۔ گلف نیوز کے مطابق گزشتہ روز امریکا نے ایئرمین (نوٹم) کیلیے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں اپنی فضائی کمپنیوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کا کہا گیا ہے۔ فیڈل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی ائرلائنز چاہے وہ کمرشل ہوں یا ریاستی، پاکستانی شدت پسندوں اور شدت پسندگروپوں کی طرف سے حملے کے خدشے کے پیش نظر فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کریں، حملہ کھڑے طیاروں پر، لینڈنگ یا اڑان بھرتے وقت بھی ہوسکتا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ تاحال پاکستانی سول ایوی ایشن میں مین پورٹیبل ائر ڈیفنس سسٹم یا مین پیڈز کے استعمال کے بارے میں کوئی اطلاعات نہیں تاہم کچھ مشتبہ لوگوں کے ہاتھ مین پیڈز لگنے کا خدشہ ہے اور یہ لوگ یہی مین پیڈز ایوی ایشن یا ائرپورٹس پر استعمال کرسکتے ہیں۔
