ابوجا (انٹرنیشنل ڈیسک) نائیجیریا اور کیمرون کی سرحد پر واقع ایک بازار میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دھماکا ایک پُل پر لگنے والے بازار میں ہوا جو نائیجیریا کے قصبے گیمبورو اور کیمرون کے قصبے فوٹوکول کے درمیان واقع ہے۔ حکام کے مطابق دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد میں دونوں ممالک کے باشندے شامل ہیں جنہیں مقامی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا ہے۔ پیر کے روز ہونے والے بم دھماکے کی ذمے داری تاحال کسی گروہ کی جانب سے تسلیم نہیں کی گئی۔ دوسری جانب صومالیہ کے عسکریت پسند گروپ الشباب نے کینیا کے سرحدی علاقے گاریسا میں حملہ کر کے 4 شہریوں کو ہلاک کر دیا۔ مرنے والوں میں ایک بچہ اور استاد بھی شامل ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق کینیا کی پولیس نے جوابی کارروائی میں 2 حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ واضح رہے کہ الشباب نے گزشتہ برس دسمبر سے کینیا پر حملوں میں اضافہ کر رکھا ہے۔ اس دوران ایک چھاؤنی پر کیے گئے حملے میں 3 امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ 5 امریکی جنگی طیاروں کو بھی تباہ کر دیا گیا تھا۔
