English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لائیو اسٹاک میں بھتا خوری کیخلاف محاذ کھڑا کیا جائے گا، نعیم الحق چنا

القمر

ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) سندھ پیرا ویٹرنری اسٹاف ایسوسی ایشن سندھ اتحاد کا ہنگورجہ میں کنونشن، سندھ بھر میں لائیو اسٹاک کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے تحریک شروع کرنے اور ایسوسی ایشن کے نام پر افسران کو بلیک مل کر کے کروڑوں روپے کی کرپشن مافیا کیخلاف جنگ تیز کرنے کا اعلان۔ سندھ پیرا ویٹرنری اسٹاف ایسوسی ایشن سندھ اتحاد کا مرکزی اجلاس ہنگورجہ میں مرکزی صدر نعیم الحق چنا کی زیر صدارت منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، نوابشاہ، جیکب آباد، قنبر شہداد کوٹ، نصیر آباد، سکرنڈ، سکھر، دادو سمیت دیگر اضلاع کے عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسوسی ایشن کے نام پر اسٹاک اسسٹنٹ کیخلاف انتقامی کارروائی کرنے والے خود کو یونین کا رہنما کہلوا کر بلیک میل کرنے والے ممتاز شیخ کو بے نقاب کیا جائے، ادویات کی جعلی کمپنیاں بنا کر زبردستی محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران کے ذریعے خریداری کی جارہی ہیں۔ ممتاز شیخ کی بھتا خوری، افسران کو بلیک میل کرنے کیخلاف محاذ کھڑا کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما نعیم الحق چنا، اسد اللہ عباسی، وزیر بھانبھن، عبدالمجید کیریو، ہمت سولنگی، فیاض سولنگی اور دیگر نے کہا کہ لائیو اسٹاک کے ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر کبھی بھی خاموش نہیں ہوں گے۔ مسائل کے حل کے لیے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک، سیکرٹری لائیو اسٹاک اور ڈائریکٹر اینیمل ہسبنڈری سے ملاقاتیں کر کے ان حقائق سے آگاہ کیا جائے گا اور مسائل کا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جائے گا۔ جعلی ادویات کی کمپنیاں بنا کر ممتاز شیخ اور ان کے ساتھی افسران کو بلیک میل کررہے ہیں، جعلی ادویات کی وجہ سے سندھ بھر میں مویشی مررہے ہیں۔ بھتا نہ دینے والے ملازمین کے تبادلے کرائے جارہے اور ان کی تنخواہیں بھی بند کی جارہی ہیں، جو بڑی ناانصافی ہے۔ ناانصافی کیخلاف سندھ بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے