English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کرپشن مقدمات اعجاز جاکھرانی کیخلاف سماعت ملتوی 2 افسران کے ریمانڈ میں توسیع

القمر

سکھر (اے پی پی) احتساب عدالت سکھر نے مشیر وزیر اعلیٰ اعجاز جاکھرانی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ریفرنس کی سماعت17فروری تک ملتوی کر دی۔ جبکہ شکارپور سمیت دیگر علاقوں میں کرپشن کے الزام میں گرفتار ورکس اینڈ سروسز کے 2ایکسین کے جسمانی ریمانڈ میں 9 دن کی توسیع کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق سکھر کی احتساب عدالت میں مشیر جیل خانہ جات سندھ اعجاز جاکھرانی اور ان کے دیگر ساتھیوں چیئرمین میونسپل کمیٹی جیکب آباد عباس جکھرانی، عبدالرزاق بہرانی اور ظہیر عیسائی کے خلاف قومی احتساب بیورو کی جانب سے آمدن سے زاید اثاثے بنانے کے الزام میں داخل کیے گئے ریفرنس کی سماعت ہوئی، مشیر جیل جانہ جات سندھ اعجاز جاکھرانی خود جبکہ پہلے سے گرفتار دیگر ملزمان کو نیب نے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے سماعت کے دوران دونوں فریقین کے دلائل سنے اور ملزمان کی جانب سے ریفرنس کی کاپی نہ ملنے کی شکایت پر نیب نے ملزمان کو ریفرنس کی کاپی فراہم کی تاہم عدالت نے بعد ازاں سماعت 17فروری تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ مشیر اعجاز جاکھرانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نیب نے 73 کروڑ روپے سے زاید آمدن کے اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس داخل کر رکھا ہے جس میں جیکب آباد، کراچی اور اسلام آباد میں زمین، فلیٹ خریدنے کراچی ڈی ایچ میں 2 بنگلے بنانے کے الزامات بھی عاید ہیں۔ علاوہ ازیں سکھر کی احتساب عدالت نے شکارپور سمیت دیگر علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کرنے کے الزام میں گرفتار ورکس اینڈ سروسز کے 2 سابق ایکسین طفیل کھوسو، اور اللہ دتہ کے خلاف کیس کی سماعت کی سماعت کے دوران نیب نے گرفتار دونوں ایکسیئنز کو عدالت میں پیش کیا، سماعت کے دوران نیب نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ مزید توسیع کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزمان کا مزید 9 روز کا جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے نیب کو انہیں دوبارہ 4 فروری کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے شکارپور میں روڈ بننے سے قبل ہی جعلی ٹھیکیدار کے نام پر چیک جاری کیے جس کی رقم مشیر جیل خانہ جات سندھ اعجاز جاکھرانی کے مبینہ فرنٹ مین عبدالرزاق بہرانی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جاتی رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے