نئی دہلی /اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+نمائندہ جسارت) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہرزہ سرائی کی ہے کہ پاکستان کو ماضی میں تینوں جنگوں میں ’شکست کا منہ دیکھنا‘ پڑا اور اگلی بارجنگ ہوئی تو بھارتی افواج اسے ہفتہ، 10 دن کے اندر دھول چٹا دیں گی۔نئی دہلی میں طلبہ کو فوجی تربیت دینے والی حکومتی تنظیم نیشنل کیڈٹ کور(این سی سی) کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر2فضائی حملوں کے بعد نہ صرف جموں و کشمیر میں بلکہ پورے بھارت میں امن ہے اور کہیں بھی کسی طرح کا دہشت گردانہ حملہ نہیں ہوا ہے، ’’دہشت گردی کو بڑی حد تک کچل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے ’پراکسی جنگ‘ جاری رکھی ہوئی ہے، جس میں ہزاروں افراد اور سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں ،بھارتی افواج نے متعدد بار اپنی حکومت سے کارروائی کی اجازت مانگی لیکن نہیں دی گئی۔ مودی کا کہنا تھاکہ آج ملک ’نوجوان سوچ‘ کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، اس لیے اس نے دہشت گردوں کو سبق سکھانے کے لیے ان کے گھر میں داخل ہو کر سرجیکل اسٹرائیک اور فضائی حملے کیے۔انہوںنے کہا کہ کشمیر بھارت کے سر کا تاج ہے اور اس کے دہائیوں پرانے مسائل کو حل کرنا حکومت کی ذمے داری تھی، جسے اس نے بخوبی حل کر دیا ہے، کیا ہم بھارت کے نوجوانوں کو دہشت گردی کی آماج گاہ کے طور کشمیر دینا چاہتے ہیں، جہاں بے گناہ مارے جا رہے ہوں، جہاں بھارت کے قومی پرچم کی توہین کی جاتی ہو اور حکومت خاموش تماشائی بنی رہتی ہو؟ نہیں کبھی نہیں۔دوسری جانب پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے متشدد بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی انتہا پسند بیانیہ سے خطے کے امن واستحکام کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں تاہم کسی بھی جارحانہ اقدام کو ناکام بنانے کے لیے پاک افواج کو کمزور نہ سمجھا جائے۔ مودی کے بیانات بی جے پی کی انتہا پسند سوچ کے عکاس ہیں، پاکستان ان کے جنگ کو ہوا دینے والے بیان کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستانی مسلح افواج اور عوام کے عزم کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے، بالاکوٹ میں بھارتی ایڈونچر کے دوران بھارتی طیاروں کو گرانا ہماری مسلح افواج کی تیاری کا ثبوت ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم مودی کا بیان بھارت کے پاکستان مخالف لاعلاج جنون کو ظاہر کرتا ہے۔ بی جے پی حکومت اندرونی اور بیرون تنقید سے توجہ ہٹانے کے لیے بھونڈی کوششیں کر رہی ہے۔
پاکستان کو شکست دینے کیلیے ہفتہ10دن بہت ہیں‘ مودی۔ جواب دینے کیلیے تیار ہیں‘ پاکستان
القمر
