English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت عوامی امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی، اسداللہ بھٹو

القمر

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر و سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت عوامی امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی ہے۔معیشت کی خراب صورتحال اور مہنگائی نے عام آدمی کو سخت پریشان کردیا ہے۔ حقیقی تبدیلی شریعت کے نفاذ اور خوف خدا کرنے والی مخلص قیادت ہی لاسکتی ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاڑکانہ میں سابق امیر جماعت اسلامی و تاجر رہنماعبدالمجید شیخ کپڑے والے کی وفات پر لواحقین سے تعزیت کے بعد بات چیت کے دوران کیا۔ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ اور امیر ضلع سکھر حزب اللہ جکھرو سمیت دیگر مقامی ذمے داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ وفاق و صوبے میں برسراقتدار پارٹی قیادت نے اپنی انتخابی مہم کے دوران عوام کو سبز باغ دکھائے اور وعدے کیے تھے مگر مہنگائی ،بے روزگاری، بجلی اور گیس بحران کے خاتمے سمیت ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔آٹے وچینی بحران اور قیمتوں میں کمر توڑ اضافے نے ان کی نااہلی و کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق امیر عبدالمجید شیخ کپڑے والے لاڑکانہ شہر کے عوام اور تاجر برادری میں جماعت اسلامی کی پہچان تھے۔ انہوں نے عبدالمجید شیخ کی دینی وتحریکی خدمات کی تحسین کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے