میرپور خاص (نمائندہ جسارت) اوور لوڈ اور بھاری گاڑیاں شہریوں کے لیے وبال جان بن گئیں، دن کے اوقات میں شہر میں بھاری بھرکم گاڑیوں کے داخلے سے اسکول کے بچوں اور خواتین کی آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے لگی، دن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے، شہری حلقوں کا مطالبہ۔ میرپورخاص شہر میں صبح کے اوقات میں اوور لوڈ اور بھاری بھر کم گاڑیوں کی آمدو رفت اسکولوں کے طالب علموں کے ساتھ خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی، صبح کے اوقات میں معصوم بچے گھروں سے اسکولوں کو جانے کے لیے نکلتے ہیں تو اسی وقت ہیوی گاڑیاں جو کہ اوور لوڈ ہوتی ہیں شہر میں داخل ہونا شروع ہوجاتی ہیں، جس کی وجہ سے بچے ڈر ڈر کر اور بچ بچ کر سٹرک کنارے کا راستہ لے کر اسکولوں کو جاتے ہیں، جبکہ خواتین بازار اور بزرگ شہری مساجد جاتے ہوئے خوفذدہ رہتے ہیں جبکہ بھاری ٹریفک دن کے اوقات میں شہر میں داخل ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر رہتی ہے، عمرکوٹ روڈ، سول اسپتال روڈ، پوسٹ آفس چوک، کھپرو ناکہ چوک، جرواری چوک سمیت دیگر جگہوں پر اکثر ٹریفک جام رہتا ہے۔ اس حوالے سے مقامی انتظامیہ بھی مکمل طور پر آگاہ ہے مگر اس جانب کوئی توجہ مرکوز نہیں کی جاتی، جس کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی ناگہانی واقعہ پیش آسکتا ہے۔ شہری حلقوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپور خاص سے مطالبہ کیا ہے کہ بھاری اور اوور لوڈ گاڑیوں کے شہر میں دن کے اوقات میں پابندی لگائی جائے اور گڈس پرچون اڈاے شہر سے باہر منتقل کیے جائیں۔
میرپور خاص، بھاری گاڑیوں کے باعث ٹریفک جام، شہری پریشان
القمر
