English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کشمیر میں حالات پہلے سے زیادہ سنگین ہیں، سردار مسعود خان

القمر

کوونٹری، برطانیہ (آن لائن) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر میں حالات پہلے سے زیادہ سنگین ہوچکے ، تنازع کشمیر برطانیہ کا چھوڑا ہوا مسئلہ ہے، برطانوی حکومت مسئلے کو کشمیر ی عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروا کر اپنی اخلاقی اور عالمی ذمے داریاں پوری کرے۔ برطانیہ کے شہر کوونٹری میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے برطانوی پارلیمنٹ میں 4 فروری کے دن کشمیر کے حوالے سے 2 کانفرنسوں میں 50 سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ نے شرکت اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کر کے یہ ثابت کر دیا کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ برطانیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اہم رکن اور 12 لاکھ سے زیادہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کا اختیار کردہ ملک ہے جو برطانیہ سے بجا طور پر توقع رکھتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے آگے بڑھے گا اور قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے اس قضیے کو حل کرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی طرف سے تنازع کشمیر حل کرانے میں متحرک کردار ادا کرنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ یہ مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب برصغیر میں برطانوی ہند کی حکومت تھی۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیرمیں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کا ایک بار پھر نوٹس لے۔ بھارت کشمیریوں کو اپنے گھروں سے بے گھر اور اپنی زمینوں سے بے دخل کر کے وہاں ہندوئوں کو آباد کرنا چاہتا ہے اور اگلے مرحلے میں کشمیر میں بڑے پیمانے پر قتل و غارت کر کے دنیا کو یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ وہ کشمیر میں ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنا چاہتا ہے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ یہ ترقی نہیں بلکہ کشمیریوں کی نسل کشی ہے جسے دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہو گا اور ہم یہ کام کرتے رہیں گے۔ بھارت کی ان چالوں کو ناکام بنانا نہ صرف کشمیریوں اور پاکستانیوں کی بلکہ پوری دنیا کی ذمے داری ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے