English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران کا سٹیلائیٹ بھیجنے کا تجربہ چوتھی بار ناکام

القمر

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے مقامی طور پر تیار کردہ ظفر سیٹلائٹ کو مدار میں بھیجنے کا تجربہ کیا، جو رفتار کم ہونے کی وجہ سے مدار تک پہنچنے میں ناکام رہا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے صوبے سمنان میں واقع امام خمینی اسپیس پورٹ سے مقامی سطح پر تیار کردہ ’’ظفر سیٹلائٹ‘‘ کو سیمرغ راکٹ کے ذریعے مدار پر بھیجنے کے لیے لانچ کیا، تاہم مدار تک پہنچتے پہنچتے درکار رفتار کم ہوتی گئی، جس کے باعث سیٹلائٹ ہدف تک نہیں پہنچ سکا۔ گزشتہ برس بھی ایران کی خلا میں سیٹلائٹ بھیجنے کی 3 کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ایران نے بیلسٹک میزائلوں اور ایک سیٹلائٹ کو مدار میں بھیجنے کا تجربہ کیا، جس میں بیشتر اہداف اور مقاصد کو حاصل کرلیا گیا، تاہم ظفر سٹیلائٹ مدار تک پہنچنے میں ناکام رہا۔ اس سیٹلائٹ کو زلزلے اور قدرتی آفات کے مطالعے اور زراعت کی ترقی کے لیے مدد گار تصاویر اور ڈیٹا خلا سے زمین پر ایرانی سائنس دانوں اور محققین کو بھیجنا تھا۔ گزشتہ برس جنوری میں بھی ایران نے ’’پیغام‘‘ نامی سیٹلائٹ خلا میں بھیجا تھا، جو مدار تک پہنچنے میں ناکام رہا تھا۔ امریکا نے ’’پیغام سیٹلائٹ‘‘ کو مدار پر بھیجنے کو ایران کی اشتعال انگیزی اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے منافی قرار دیتے ہوئے ایران کو سیٹلائٹ بھیجنے سے باز رہنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ ظفر سیٹلائٹ کے تجربے سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ ظفر سیٹلائٹ کو مدار میں بھیجنے سے قبل پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ایران کے وزیر مواصلات جواد اظہری جہرومی نے کہا تھا کہ اگر تجربہ ناکام ہوجاتا ہے تو ہم کوشش کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے