English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عرب دنیا کے پہلے جوہری بجلی گھر کو پیداوار کا لائسنس جاری

القمر

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے جوہری توانائی سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایٹمی بجلی گھر کو پیداوار کے لیے لائسنس جاری کر دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اماراتی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ پیر کے روز ’’برکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ‘‘ کو لائسنس کا اجرا ہو گیا ہے، جو عرب دنیا کا پہلا جوہری بجلی گھر ہوگا۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے متحدہ عرب امارات کے نمایندے حماد الکعابی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ امارات کی جوہری توانائی کے ادارے نے بجلی کی پیداوار کے لیے پہلے ری ایکٹر کا لائسنس جاری کر دیا ہے ۔ جوہری بجلی گھر میں مجموعی طور پر 4 ری ایکٹرز ہیں جن سے عنقریب باقاعدہ طور پر بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حماد الکعابی کا کہنا تھا کہ پاور پلانٹ کے لائسنس کا اجرا 60 سال کے لیے کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ برکہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کا آغاز 10 سال قبل ہوا تھا۔ اسے ایک کورین کمپنی کے اشتراک سے بنایا جا رہا ہے۔ پلانٹ کے پہلے ری ایکٹر کی تعمیر 100 فی صد مکمل کر لی گئی ہے جب کہ دیگر 3 کی تعمیر بھی 80 فی صد سے زائد ہو چکی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق ایٹمی بجلی گھر کی مکمل استعداد مجموعی طور پر 5600 میگاواٹ ہو گی۔ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ برکہ پلانٹ کے پہلے ری ایکٹر کے لائسنس کے اجرا سے پُرامن جوہری توانائی کی ترقی کا ایک نیا باب رقم ہوا ہے ۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ یہ آیندہ 5 دہائیوں تک ہماری توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے ۔ دوسری جانب نیو کلیئر ایٹمی پلانٹ چلانے والی مقامی کمپنی نواۃ کے مطابق چاروں پلانٹ سے بجلی کی پیداوار کے بعد کمپنی متحدہ عرب امارات کی بجلی کی 25 فی صد طلب پورا کرے گی۔ یاد رہے کہ برکہ جوہری مرکز ابوظبی کے مغرب میں واقع ہے ۔ اسے 2017ء میں فعال ہونا تھا تاہم سلامتی کے انتظامات اور دیگر معاملات کی وجہ سے منصوبے کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
ابوظبی: متحدہ عرب امارات کا پہلا جوہری نیوکلیئر پاور پلانٹ (فائل فوٹو)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے