English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چین کا امریکا طالبان معاہدے کا خیرمقدم۔ ڈرون حملے میں8بچوں سمیت11افغان ہلاک

القمر

کابل (اے پی پی/صباح نیوز/آن لائن) چین نے 29فروری کوطالبان اور امریکا کے مابین پرتشدد کارروائیوں میں کمی کے متوقع معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ معاہدے پر بغیر کسی رکاوٹ کے عملدرآمد ہو گا ۔ یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے بریفنگ کے دوران میونخ سیکورٹی کانفرنس میں امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدہ طے ہونے پر امریکی حکام کے بیان پرردعمل میں کہی۔ترجمان نے کہا کہ چین امن و مفاہمتی عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے، چین کا خیال ہے کہ افغانستان میں تعینات غیر ملکی فوجیں منظم اور ذمے دارانہ انداز میں واپس بلائی جانی چاہییں ،چین افغان مسئلے پر بین الاقوامی برادری اور تمام فریقین اور افغانستان میں امن و استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں اور تعاون کے لیے تیار ہے۔ افغانستان کے نگران وزیر داخلہ مسعود اندرابی کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان تشدد میں کمی کا معاہدہ 5 روز بعد نافذ ہو جائے گا۔افغان صدارتی ترجمان صادق صدیقی کاکہنا ہے کہ امریکی وزیر دفاع اور وزیر خارجہ نے افغان صدر کو بتایا کہ امریکا طالبان معاہدے کی ہر شق مشروط ہے، امن معاہدہ اگلے ہفتے طے پا جائے گا، صادق صدیقی کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کا مطالبہ جنگ بندی تھا، مگر معاہدہ تشدد میں کمی کی بنیاد پر ہو رہا ہے۔صادق صدیقی کا مزید کہنا ہے کہ طالبان کے لیے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ دکھا سکیں کہ وہ بھی امن چاہتے ہیں ۔ادھر صوبے ہیرات میں ڈرون حملے میں 8 بچوں سمیت 11 شہری جاں بحق ہو گئے ، ورثا نے نعشیں اٹھا کر ہرات کے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔ افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں عسکریت پسندوں نے ماتحت عدالت کے ایک جج کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔صوبائی حکومت کے ترجمان جیلانی فرہاد نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے ضلع نو انجیل میں عبدالرحیم عزیمی نامی جج کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ وہ ماتحت عدالت میں چیفجسٹس کے طور پر کام کر رہے تھے۔ عسکریت پسندوں نے ہفتے کو2 پولیس افسران کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے