مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس میں چاقو حملے کے الزام میں ایک فلسطینی کو گولی مارکر شہید کردیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ فلسطینی شہری چاقو سے مسلح تھا اور مقبوضہ بیت المقدس کے قدیم حصے میں باب الاسباط پر تعینات اہل کاروں کی جانب بڑھ رہا تھا۔ اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعے میں فلسطینی نوجوان شہید اور موقع پر موجود خاتون زخمی ہو گئی۔ تاہم شہید نوجوان کی شناخت نہیں ہو سکی۔عینی شاہدین نے تصدیق کی کہ فلسطینی نوجوان کو گولی مارنے کے بعد خون میں لت پت حالت میں مرنے کے لیے وہیں چھوڑ دیا گیا اور کوئی طبی امداد مہیا نہیں کی گئی۔دوسری جانب اریحا شہر کے شمال میں راس العین عوجہ گاؤں میں صہیونی آبادکاروں کے ایک گروہ نے تشدد کرکے 2فلسطینی نوجوانوں کو زخمی کردیا۔ گاؤں کے رہایشی وکیل محمود غوامنہ کا کہناتھا کہ درجنوں صہیونی آبادکاروں نے خونخوار کتوں کے ساتھ گاؤں پر دھاوا بولا اور مقامی رہایشیوں سے ان کے مویشی چھیننے کی کوشش کی۔ اس دوران شدت پسندوں کے تشدد سے 2نوجوان زخمی ہوگئے،جن کی شناخت 24 سالہ ہانی عطا اور 20 سالہ ہیثم سلیمان کے ناموں سے ہوئی۔ انہیں سر میں چوٹیں آئیں اور انہیں اریحا اسپتال میں طبی امداد مہیا کی گئی۔بعدازاں اسرائیلی فوجیوں نے علاقے کو گھیرے میں ل کر آبادکاروں کو تحفظ فراہم کیا اور کئی گھنٹے تک دیگر 2نوجوانوں کو حراست میں رکھا۔
چاقو حملے کا الزام‘ اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی شہید
القمر
