تہران /کوئٹہ /ٹوکیو/بیجنگ/برسلز (خبرایجنسیاں)ایران میں کورونا وائرس میں مزید 6افراد ہلاک ہوگئے ۔پاکستان نے حفاظتی اقدامات کے تحت ایران سے ملحقہ سرحد بند کردی۔ ایران جانے والے مسافروں کو تفتان سرحد پر روک دیا گیا جب کہ ایران میں موجود پاکستانی زائرین کو فی الحال وہیں ٹہرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایران میں مہلک کورونا وائرس سے 8 افراد کی ہلاکت کے بعد بلوچستان حکومت نے ایران سے منسلک سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت پوری طرح الرٹ ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں سے کوئی بھی ایران میں داخل نہیں ہو گا۔ لیاقت شاہوانی کے مطابق ایران میں موجود پاکستانی زائرین کو فی الحال ایران میں اہی ٹہرانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھاکہ ایران میں موجود زائرین کے حوالے سے ایرانی حکام سے بات چیت کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایران سے آنے والے زائرین کی مکمل اسکریننگ کرکے پاکستان آنے دیاجائے گا جب کہ تفتان کے پاکستان ہاؤس میں موجود89 زائرین کو واپس کوئٹہ بلایاجارہاہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال صوبے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں جب کہ اس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے لیے میڈیکل ٹیمیں بھی تفتان پہنچ گئیں ہیں،100بستروں پر مشتمل خیمہ اسپتال قائم کردیا گیا ہے ، 10ایمبولینسز اور دیگر طبی سامان بھی پہنچادیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران زرقون کے مطابق ایران سے پاکستان آنے والے افراد کی اسکریننگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ موبائل ہیلتھ یونٹ محکمہ صحت کے حوالے کیا جائے گا اور ایران سے آنے والوں کو ہیلتھ یونٹ میں آبزرویشن میں رکھا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھاکہ جنریٹرز، واٹر سپلائی سسٹم اور 10ہزار کورونا وائرس ماسک بھی آچکے ہیں۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ذرائع کے مطابق ایران سے بھی کسی مسافر کو پاکستان میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا تاہم پیدل جانے والے افراد کو ایران جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ کئی ایرانی ٹرانسپورٹ ڈرائیورز تفتان سرحد پر پھنس گئے ہیں جنہیں اسکریننگ کے بعد روانہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایران میں حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام میں ناکامی پر عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پرنکل آئے اور دارالحکومت تہران میں طالش کے مقام پراحتجاج کیا۔ اس موقع پرپولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پرپرتشدد حربے استعمال کیے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے ایران اور لبنان میں نئے کورونا وائرس کے کیس سامنے آنے کے بعدپھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر جاپان کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے مزید 20 نئے کیس سامنے آگئے ہیں۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق مقامی حکام نے ان نئے متاثرین کے بارے میں اطلاع دی ہے۔علاوہ ازیں چین میں کورونا وائرس سے مزید 96 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 442 ہو گئی۔ادھر اٹلی میں بھی 2 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے۔
کورونا سے ایران میں مزید 6ہلاک‘پاکستان نے سرحد بند کردی
القمر
