English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ہند بحرالکاہل خطے میں ہائپر سونک ہتھیار لگانے کی امریکی تیاری

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ آیندہ چند برس میں امریکا کی جانب سے ہند بحر الکاہل خطے میں ہائپر سونک ہتھیار نصب کردیے جائیں گے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق مارک ایسپر نے بدھ کے روز آرمڈ سروسز کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کی عسکری طور پر ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین نے روایتی جنگوں میں امریکا کی طویل عرصے سے قائم اجارہ داری کو ختم کردیا ہے، لہٰذا اب جنگی میدان میں تکنیکی برتری قائم رکھنا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیندہ چند برس میں امریکا جدید ہائپر سونک ہتھیار نصب کررہا ہوگا کیوں کہ امریکی کمانڈروں کو تمام محاذوں خصوصاً ہند بحرالکاہل خطے میں ایسے اسلحہ کی ضرورت ہے۔ امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ ہائپر سونک میزائل حالیہ تمام ریڈاروں اور دیگر فضائی دفاعی نظاموں کی زد میں نہیں آ سکتا۔ واضح رہے کہ ہائپر سونک میزائل آواز کی رفتار سے 5 گنا زیادہ رفتار سے سفر کر سکتا ہے اور یہ جدید ہتھیار دوران پرواز اپنا رُخ بدلنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ چین اور روس کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ وہ ایسے ہی جدید ہتھیار بنانے میں کوشاں ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے رواں برس کے دوران کسی بھی وقت ایسے ہتھیاروں کا پہلا تجربہ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے