بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق میں امریکی فوج اور داعش کے درمیان جھڑپ کے دوران 2 فوجی ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کی جانب سے جھڑپ کے مقام اور ہلاکتوں کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ امریکی ٹی چینل سی این این کا کہنا تھا کہ واقعہ عراق کے شمال وسطی حصے میں پیش آیا، جہاں داعشی جنگجوؤں سے علاقہ خالی کرانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ان علاقوں میں پہلی بھی کئی بار داعش اور امریکی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوچکی ہیں۔ مئی 2016 ء میں عراق میں تعینات امریکی نیوی کا افسر داعش کے حملے میں مارا گیا تھا۔ یاد رہے کہ بغداد حکومت نے 2014ء میں امریکا سے درخواست کی تھی کہ وہ دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف کارروائی کے لیے مدد کرے،جس کے بعد پینٹاگون نے اپنی فوج عراق روانہ کی تھی۔ تاہم اب عراقی عوام اور حکومت کی جانب سے واشنگٹن پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے کہ وہ عراق سے انخلا کرے۔ چند ماہ قبل عراقی پارلیمان کے ارکان نے ایک قرار داد منظور کی تھی، جس میں زور دیا گیا تھا کہ عراق میں تعینات امریکی فوجیوں کو ملک میں مزید قیام کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ قائم مقام وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے امریکا سے کہا تھا کہ وہ عراقی سرزمین سے اپنی فوج کے محفوظ انخلا کے لیے طریقہ کار مرتب کرے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران عادل عبدالمہدی کا کہنا تھا کہ وہ ملکی سلامتی کے خلاف ہر قسم کے اقدام کو رد کرتے ہیں۔
عراق: داعش کے ساتھ جھڑپ میں 2 امریکی فوجی ہلاک
القمر
