سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج ملک میں کورونا کا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، یہ وائرس چھپا رہتا ہے ،اس ایوان میں چیک کرائیں تو پندرہ بیس لوگوں میں نکل آئے گا۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کورونا وائرس دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے مگر بدقسمتی سے ابھی تک کوئی قومی پالیسی سامنے نہیں آسکی، صوبے کچھ کام کررہے ہیں افسوس اس معاملے پر وفاقی حکومت کی جانب سےاقدام نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف حکومت یا اپوزیشن نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے، بین الاقوامی شخصیات بھی اس وبا سے متاثر ہوئی ہیں، کورونا معاملے پر پوائنٹ اسکورنگ نہیں کررہے، اس ایشو پر سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں۔
شاہد خاقان نے کہا کہ کل اچانک سب سے بڑے میڈیا ہاؤس کے سربراہ میرشکیل الرحمان کو گرفتار کیا گیا، کیا نیب انتقام کا ادارہ ہے جو اس کیخلاف بات کرے اس کو اندر کردیا جائےگا، اس ملک میں نیب کےذریعے سیاسی نشانہ بنانے کی روایت بند کی جائے، ملک کو اکٹھا کرنے کےبجائے میڈیا گروپ کے سربراہ کو گرفتار کیا گیا۔
