English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران مافیا کروڑوں روپے رشوت لیکر ماسک اسمگل کررہی ہے،ن لیگ

القمر

اسلام آباد،ملتان(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کی جان خطرے میں ہے اور عمران مافیا کروڑوں روپے رشوت لیکر حفاظتی ماسک اسمگل کررہی ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران مافیا کا کروڑوں روپے رشوت لے کر حفاظتی ماسک اسمگل کرنے کی تحقیقات کرائی جائے۔ عمران صاحب صحت کے وزیر ہیں، جواب دیں، تاریخ کی پہلی حکومت ہے جو عوام کی جان سے کھیل رہی ہے اورعوام کا آٹا، چینی، گیس اور بجلی چوری کر رہی ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا قوم کی جان خطرے میں ہے اور عمران مافیا کروڑوں روپے رشوت لے کر حفاظتی ماسک اسمگل کررہی ہے، آٹا چینی چوری اور اسمگلنگ کے بعد حفاظتی ماسک بھی عمران مافیا کی ہوس زر کی نذر ہوگئے، یہ ہے عوام دشمن عمران مافیا اورگرفتاریاں سیاسی مخالفین اور میڈیا کی؟ پوری قوم کی زندگی کو چھ کروڑ میں بیچ دیاگیا۔مریم اورنگزیب نے کہا، 2 کروڑ حفاظتی ماسک بیرون ملک اسمگل کرنے سے ملک میں قلت پیدا ہوئی، عمران چورمافیا ماسک پر بھی پیسا کمارہا ہے، کورونا سے قوم کو کیا بچائے گا۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ کو صرف سیاسی مخالفین اور میڈیا کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، عمران مافیا دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہا ہے۔علاوہ ازیںپاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک میں مہنگائی کی وجہ حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں ہے۔ملتان میں جاوید ہاشمی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ حکومت گری ہوئی ہے اس کو گرانے کی ضرورت نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ تبدیلی ایسی ہوکہ ملک میں جمہوریت بھی قائم رہے اور ملک میں حکومت بھی آئین کے مطابق چل سکے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں جو رکاوٹ ہے اس کو سارا پاکستان جانتا ہے، یہ حکومت متنازع الیکشن کے نتیجے میں آئی، اس کی ناکامی بھی سارا پاکستان محسوس کررہا ہے، ملک میں مہنگائی کا جو سیلاب ہے اور بے روزگاری ہر گھر میں ہے اس کی صرف ایک وجہ حکومت ہے جو عوام کی نمائندہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ عوام کے منتخب نمائندے مسائل حل کریں لیکن اپوزیشن کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں، ڈیڑھ سال ہوگیا اب تک ایک الزام بھی ثابت نہیں کرسکے۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان میں لڑائی فسطائیت اور جمہوریت کی ہے، حکومت نے فسطائیت کا پرچم اور اپوزیشن نے جمہوریت کا پرچم اٹھا رکھا ہے، ایک طرف اپوزیشن کو میڈیا کو آزدی رائے کو حق حکمرانی کو کچلنے کی قوتیں ہیں اور دوسری طرف قائد اعظم کے نظریے کے مطابق پاکستان کو آئینی اور جمہوری ریاست بنانے کی قوتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس جنگ کو ہارنے کے متحمل نہیں ہوسکتے اور مستقبل کی نسلوں کے لیے یہ جنگ جیتنا ضروری ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ‘عمران خان نے ڈیڑھ سال میں مسلم لیگ (ن) کے ترقی کے منصوبوں کو ختم کردیا ہے، عمران خان کے پیچھے فارن فنڈنگ ہے اور وہ اس سے بھاگ رہے ہیں کیونکہ اسی کی وجہ سے وہ ملک میں مسلط ہیں اور انہوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس حکومت سے نجات حاصل کرنی ہے جس کا راستہ انتخابات کا ہے، شفاف انتخابات کے بعد ملک میں حکومتوں کو گرانے کی سازشیں ختم ہوں جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو متفق ہونے کی ضرورت ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے