واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے شکار لگ بھگ 2ہزار مریض ہلاک ہو گئے۔ ایک روز میں ہلاکتوں کی یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کے اعداد و شمار جمع کرنے والے ادارے جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکا میں مسلسل تیسرے روز ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 13ہزار 89 ہو گئی ہے۔ جب کہ متاثرین کی تعداد 4لاکھ 6 ہزار 693 تک پہنچ گئی۔ صرف منگل کے روز امریکا میں کورونا وائرس میں مبتلا 1939 مریض ہلاک ہوئے۔ ان اعدادوشمار کو دیکھتے ہوئے عوام کو سخت تشویش لاحق ہے۔ کورونا وائرس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بنائی گئی ٹاسک فورس میں شامل ماہرین صحت نے متنبہ کیا تھا کہ رواں ہفتہ ہلاکتوں کے اعتبار سے سنگین ہو سکتا ہے۔ امریکی ریاست نیویارک اور نیوجرسی میں اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں، جب کہ دیگر ریاستوں میں ہلاکتوں کی شرح کم ہے۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو غلط مشورہ دینے پر تنقید کرتے ہوئے فنڈنگ روکنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ ٹرمپ نے عالمی ادارۂ صحت پر الزام عائد کیا کہ کورونا کے پھیلاؤ کے وقت اس ادارے کی تمام تر توجہ چین کی جانب تھی اور اس نے بے کار ہدایات جاری کیں۔ وائٹ ہاؤس میں منگل کے روز پریس بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ عالمی ادارۂ صحت کے لیے امریکی امداد روک لیں گے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بھی کہا کہ حقیقت میں عالمی ادارۂ صحت نے امریکا کو نقصان پہنچایا ہے۔ امریکا بھاری رقم کی صورت میں اسے امداد دیتا ہے، لیکن اس کی تمام تر توجہ چین کی جانب ہے۔ ہم اس معاملے کو درست انداز میں دیکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوش قسمتی سے انہوں نے چین کے لیے سرحدیں کھولنے کی عالمی ادارہ صحت کی تجویز مسترد کر دی تھی۔
امریکا دن بھر میں 2 ہزار ہلاکتیں ،ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر نزلہ گرادیا
القمر
